Save Waqf Day 29 March 2024

جمعیۃعلماء ہند کی اپیل
۲۹؍مارچ یوم جمعہ کو ’یوم تحفظ اوقاف‘کے طور پر منائیں


  نئی دہلی ۲۸؍مارچَ: جمعیۃ علماء ہندکے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے ملک بھر میں مساجد کے ائمہ، خطباء اور ذمہ داروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ۲۹؍مارچ ۲۰۲۴ء یوم جمعہ کو یوم تحفظ اوقاف کے طور پر منائیں۔ مولانا مدنی نے کہا کہ وقف خالص اللہ کی ملکیت ہے۔ دین اسلام میں وقف کے بہت ہی عظیم مقاصد ہیں بالخصوص انسانیت کی خیر خواہی، ضرورت مندوں، معذورین اور بیواؤں کی کفالت کا وسیلہ ہے۔لیکن صد افسوس ہندستان میں پانچ لاکھ وقف جائیدادوں کے باوجود مسلمان انتہائی مفلوک الحال ہیں۔ یہ جائیدادیں سرکاری اورغیر سرکاری اداروں اور غاصبین کے قبضے میں ہیں۔دوسری طرف ہماری مساجد، خانقاہوں اور عبادت گاہوں کو سرکاری ادارے اپنی بتا کر منہدم کررہے ہیں۔
ان حالات کے مدنظر جمعیۃ علماء ہند نے حسب روایت اوقاف کے تحفظ کے لیے ملک گیر جد وجہد کا اعلان کیا ہے۔اس سلسلے میں جمعیۃ علماء ہند کے شعبہ تحفظ اوقاف کا احیاء بھی عمل میں آیا ہے۔
یوم تحفظ اوقاف کے سلسلے میں جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے سرکلر بھی جاری کیا ہے، نیز ائمہ کرام کے مطالعہ کے لیے ایک مسودہ خطبہ بھی تیار کیا ہے، تا کہ اس کی روشنی میں وقف بیداری کے موضوع پر خطاب کیا جائے۔ نیز جمعیۃ علماء ہند واقفین کو بھی متوجہ کررہی ہے کہ وہ اپنے کے لیے اور اپنے مرحوم والدین کے لیے وقف کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں۔
----------------------------------
مدیر محترم اس پر یس ریلیز کو شائع فرما کر شکر گزار کریں
نیاز احمد فاروقی
سکریٹر ی جمعیۃ علما ء ہند

March 28, 2024